واسطے  حضرت  مرادِ  نیک  نام      عشق  اپنا  دے  مجھے  رب  الانعام        اپنی  الفت  سے  عطا  کر  سوز  و  ساز       اپنے  عرفاں  کے  سکھا  راز  و  نیاز      فضلِ  رحمن  فضل  تیرا  ہر  گھڑی  درکار  ہے         فضلِ  رحمن  فضل  تیرا  ہو  تو    بیڑا  پار  ہے    

    

حضرت  محمد مراد علی خاں رحمتہ  اللہ  علیہ 

 حضرت خواجہ سری سقطی

رحمتہ اللہ علیہ

 

آپ کی ولادت باسعادت  ۱۵۵ ہجری میں عراق کے شہر بغداد میں ہوئی۔آپ کا اسم گرامی حضرت سر الدین المعروف سری سقطی  رحمتہ  اللہ  علیہ اور کنیت ابو الحسن  تھی ۔کیونکہ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ  دوکان داری کیا کرتے تھے اس لیے سری سقطی کے نام سے مشہور  ہوئے۔آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کے والد کا اسم گرامی حضرت مغلس تھا۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

پیچھے والا مزار حضرت سری سقطی  رحمتہ  اللہ  علیہ  کاہے

ایک روز حضرت حبیب راعی  رحمتہ  اللہ  علیہ کا گذر آپ کی دوکان سے ہوا۔آپ نے فقراء میں تقسیم کرنے والی روٹی کے ٹکرے  پیش کیے۔ انہوں نے آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کو دعا سے نوازا اور کہا کہ خدا تجھے نیکی کی توفیق دے۔ بس اسی دن سے آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کا دل دنیا کی رغبت سے اچاٹ ہوگیا۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ حضرت شیخ معروف کرخی  رحمتہ  اللہ  علیہ کے مرید باسفا اور خلیفہ تھے۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے انہیں سے ظاہری و باطنی علوم حاصل کیے۔

آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کی بغداد میں کباڑیے کی دکان تھی۔  ایک دفعہ بغداد کے بازار میں آگ لگ گئی تو لوگوں نے آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ سے کہا کہ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کی دوکان جل گئی ہے۔ یہ سن کر آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے فرمایا چلو اچھا ہوا میں اس فکر سے آزاد ہوا۔ جب لوگوں نے جاکر دیکھا تو اردگرد کی تمام دوکانیں جل چکی تھیں لیکن آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کی دوکان محفوظ تھی۔ جب آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے ایسا دیکھا تو جو کچھ دوکان میں تھا سب درویشوں اور ضرورت مندوں میں تقسیم کردیا اور فرمایا کہ مسلمان بھائیوں کے ساتھ نقصان میں موافقت کرنا واجبات میں سے ہے۔

آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے دوکان میں پردہ ڈال رکھا تھا۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ ہر روز ایک ہزار رکعت نماز نفل ادا کرتے تھے اور دس دینار کے اوپر ایک نصف دینار سے زیادہ منافع نہ لیتے تھے۔ ایک دن آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے ساٹھ دینار کے بادام اکٹھے خریدلئے اور ساتھ ہی بازار میں باداموں کا بھاؤ چڑھ گیا ۔ ایک دلال آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کے پاس آیا اور مہنگے داموں آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ سے بادام خریدنے کی درخواست کی اور کہا کہ تمام بادام مجھے بیچ ڈالئے مگر حضرت شیخ سری سقطی  رحمتہ  اللہ  علیہ نے فرمایا کہ میں نے اللہ تعالٰی سے عہد کیا ہے کہ میں دس دینار پر نصف دینار سے زیادہ نفع نہیں لوں گا اس لئے میں تمہیں یہ مال نہیں بیچ سکتا۔

حضرت جنید بغدادی  رحمتہ  اللہ  علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت سری سقطی  رحمتہ  اللہ  علیہ سے زیادہ کامل العبادت کسی کو نہیں پایا۔ ۹۸ سال گزرگئے اس عالم میں کہ زمین پر پہلو تک نہیں رکھا۔ بیماری کی حالت میں بستر پر دراز ہونے کی صورت اس سے مستثنٰی ہے۔

ایک مرتبہ ایک شرابی کو دیکھا جو نشے کی حالت میں مدہوش زمین پر گرا پڑا تھا اور اللہ اللہ پکار رہا تھا۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے اس کا منہ پانی سے دھویا اور فرمایا اس بے خبر کو کیا خبر کہ ناپاک منہ سے کس ذات پاک کا نام لے رہا ہے۔ جب اس شرابی کو ہوش آیا تو لوگوں نے اسے بتایا کہ حضرت سری سقطی  رحمتہ  اللہ  علیہ تشریف لائے تھے اور تمہارا منہ دھو کر چلے گئے ہیں۔ وہ شرابی باعث شرم و ندامت رونے لگا۔ رات کو آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے ایک ندائے غیبی سنی اے سری سقطی تم نے میری خاطر اس شرابی کا منہ دھویا ہے میں نے تمہاری خاطر اس کا دل دھودیا ہے۔ جب آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ مسجد میں نماز کے لئے تشریف لے گئے تو آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ  نے دیکھا کہ وہ شرابی بھی نماز پڑھ رہا ہے۔

جب آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ علیل ہوگئے تو حضرت جنید بغدادی  رحمتہ  اللہ  علیہ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کی عیادت کے لئے تشریف لائے۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کے پاس ایک پنکھا پڑا ہوا تھا۔ انہوں نے اٹھا کر آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کو جھلنا شروع کردیا۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے ارشاد فرمایا کہ جنید اسے رکھ دو کیونکہ آگ ہوا سے زیادہ روشن اور تیز ہوتی ہے۔ حضرت جنید بغدادی  رحمتہ  اللہ  علیہ نے عرض کی کہ مجھے کچھ نصیحت فرمائیں آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ نے فرمایا خلق کی صحبت کی وجہ سے حق تعالیٰ سے کبھی غافل نہ ہونا۔

آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ ۱۳رمضان المبارک ۲۵۳ہجری میں اس دارفانی سے رخصت ہوئے۔ آپ  رحمتہ  اللہ  علیہ کا مزار اقدس بغداد شریف میں شونیز کے مقام پر واقع ہے۔